کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریڈ بال ٹیم کے کھلاڑیوں نے کیمپ کے دوسرے روز بدھ کو بھی ایچ پی سی اکیڈمی میں پریکٹس سیشن کیا۔ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور دیگر کوچز نے کھلاڑیوں کو مختلف ٹارگٹس دیے۔ دریں اثنا بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت میں سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔ بابر اعظم اور شان مسعود کا فارم میں آنا اچھی بات ہے، سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا امتزاج اچھے نتائج فراہم کر سکتا ہے۔ ڈومیسٹک سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مواقع ملیں گے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے بہتر آغاز چاہتے ہیں۔ کیمپ میں بھرپور تیاریاں ہو رہی ہیں۔ کرکٹ کھیل کر لطف اندوز ہوا، اب کوچنگ میں ذمہ داری ادا کر رہا ہوں ۔