کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سبی کے ضلعی صدر ڈاکٹر نور احمد شاہ خجک اور ضلع جنرل سیکرٹری ملک فقیر محمد مرغزانی نے کہا ہے کہ سبی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام کو دانستہ طور پر اذیت میں مبتلا رکھا جارہا ہے جو کسی صورت قبول نہیں ، اگر فوری طور پر لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی نہ کی گئی تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی انہوں نے کہا کہ سبی میں شدید گرمی کے دوران بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہےسبی شہر میں 14 گھنٹے اور دیہات میں 18 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کررکھا ہے جبکہ معمولات زندگی بری طرح مفلوج ہوچکے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کرکے عوام کو کرب سے نجات دلائی جائے۔