• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاورکے نجی سکول کے طلبہ کا ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار کا دورہ

پشاور(جنگ نیوز) دی سٹی سکول کے طلبہ نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار کا دورہ کیا۔ ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار پہنچنے پر چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے بچوں کا استقبال کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے بچوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں سڑک پار کرتے وقت زیبرا کراسنگ کے استعمال کی ہدایت کی۔ بعد ازاں بچوں نے کیمرہ کنٹرول روم‘ ڈی ایل وین‘ ایف ایم ریڈیو 88.6‘ ڈی ایل برانچ اور دیگر دفاتر کے دورے کئے جبکہ ٹریفک حکام کی جانب سے بچوں کو دفاتر سے متعلق بتایا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ گاڑی میں سفر کرتے وقت سیٹ بیلٹ اور موٹر سائیکل پر سفر کرتے وقت ہیلمٹ کا استعمال انتہائی ضروری ہے کیونکہ حادثات کی صورت میں سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کی بدولت جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق باقاعدہ آگاہی دی جاتی ہے اس سلسلے میں مختلف یونیورسٹیز‘ کالجز اور سکولز میں باقاعدہ سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے جبکہ شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں جس میں ایم ایف ریڈیو 88.6‘ سماجی رابطوں کے ویب سائٹس اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شیلڈ گفٹس اور ٹریفک قوانین پر مشتمل آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے۔
پشاور سے مزید