ماسکو(اے ایف پی )امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا ہے کہ پیوٹن مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو ختم کرنے میں مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن انہوں نے روسی رہنماء سے کہا کہ وہ پہلے یوکرین پر حملے بند کریں ۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ کریملن کے معاون یوری اوشاکوف نے بدھ کو بتایاکہ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی جنگ اور یوکرین کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔اوشاکوف کے مطابق یہ کال 90 منٹ سے زائد جاری رہی ۔یوری اوشا کوف نے مزید کہاکہ ولادیمیر پیوٹن ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو درست سمجھتے ہیں کیونکہ اس سے مذاکرات کو موقع ملنا چاہیے اور مجموعی طور پر صورتحال کو مستحکم کرنے میں مدد ملنی چاہیےتاہم پیوٹن نے یہ انتباہ بھی کیا کہ اگر امریکا اور اسرائیل نے ایک بار پھر فوجی کارروائی کا سہارا لیا تو اس کے انتہائی نقصاندہ نتائج نہ صرف ایران اور اس کے پڑوسیوں بلکہ پوری عالمی برادری کو بھگتنے پڑیں گے۔