• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی دینے کا فیصلہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ، تجاویز تیار کرنے کےلئے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کا قیام ،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو ہدایت دی ہے کہ کراچی کے بجلی صارفین کے لئے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مشترکہ مطالعہ کیا جائے۔انہوں نے کم آمدن والے علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی، جبکہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ غریب علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔یہ ہدایات انہوں نے بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیئرمین کے الیکٹرک شہریار چشتی سے ملاقات کے دوران جاری کیں۔ اجلاس میں کےالیکٹرک کے سی ای او سید طحہٰ اور دیگر شریک ہوئے۔ پی ایس سی ایم آغا واصف اور سیکریٹری توانائی شعیب انصاری بھی اجلاس میں موجود تھے۔پسماندہ علاقوں میں طویل بجلی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرمی کے آغاز سے غریب طبقات کی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے خاص طور پر غریب محلوں میں قابل عمل حل نکالنا ضروری ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ میں کمی ہو، خاص طور پر کم آمدن والے علاقوں میں اور ایسا پائیدار حل نکالا جائے تاکہ غریب آبادی طویل بجلی بندش کا بوجھ نہ اٹھائے۔اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ کراچی کے بجلی صارفین کے لئے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مطالعہ کیا جائے تاکہ مستحق گھرانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔علاوہ ازیں پاکستان کے مقامی توانائی شعبے میں نمایاں پیش رفت کے تناظر میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت تھر کول اینڈ انرجی بورڈ (ٹی سی ای بی) کا 30واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں کان کنی میں توسیع، ریل اور گرڈ کنیکٹیویٹی، ٹیرف میں بہتری اور نئی سرمایہ کاری اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا تاکہ تھر کول فیلڈ کو قومی توانائی اور صنعتی مرکز کے طور پر تیزی سے ترقی دی جا سکے۔انہوں نے مقامی توانائی کی تیز رفتار ترقی، کوئلے پر مبنی صنعتکاری کے فروغ اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لئے صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
اہم خبریں سے مزید