کراچی (نیوز ڈیسک) لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 14افراد شہیدکردئیے گئے، جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی دہشتگردی جاری، رہائشی عمارتوں کا نشانہ بنایا گیا، خواتین بچوں سمیت درجنوں زخمی،ایک صہیونی فوجی بھی ماراگیا، جوجنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوا،ادھر اسرائیل نے متعدد دیہات خالی کرنے کی وارننگ دے دی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔میڈیا اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں کیے گئے تازہ حملوں میں کم از کم 14 افراد شہید ہو گئے ہیں، اگرچہ امریکہ کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی حال ہی میں نافذ ہوئی تھی۔ مقامی رپورٹس کے مطابق مختلف علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر حملوں کے نتیجے میں پورے خاندان متاثر ہوئے، جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔