لاہور(خالدمحمودخالد) بھارت کی پانچ اہم ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج آج 4 مئی کو سامنے آئیں گے جس کے ساتھ ہی کئی ہفتوں پر محیط سیاسی مہم، سخت مقابلہ اور جوڑ توڑ کا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔ یہ انتخابات مغربی بنگال، کیرالا، تامل ناڈو، آسام اور پڈوچیری میں منعقد ہوئے جہاں مجموعی طور پر 800سے زائد اسمبلی نشستوں پر مقابلہ ہوا۔ ان نتائج کو نہ صرف ریاستی سطح پر بلکہ قومی سیاست میں بھی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ مرکز میں سیاسی توازن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آئندہ عام انتخابات کے لئے بھی سیاسی سمت متعین کریں گے۔ مغربی بنگال میں سب سے زیادہ دلچسپی کا مرکز حکمران جماعت ترنمول کانگریس اور مودی کی بی جے پی کے درمیان مقابلہ ہے۔