• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 11، پشاور زلمی فاتح، حیدرآباد کنگز کو شکست، 23 ہزار تماشائیوں نے فائنل دیکھا

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان سپر لیگ گیارہ پشاور زلمی نے بابر اعظم کی کپتانی میں جیت لیا۔ ٹورنامنٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والےبابر اعظم فائنل میں گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے لیکن ان کی کپتانی میں کسی ٹیم نے پہلی بار پی ایس ایل کا تاج اپنے سرپر سجا لیا۔ بابر کی کپتانی میں پاکستان نے ایک تین قومی ٹورنامنٹ جیتا اور پہلی بار وہ بڑے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ میچ کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے بابر کو کندھوں پر اٹھالیا۔32 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں فیورٹ پشاور زلمی نے نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کو دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔زلمی نے2017 میں پہلی بار پی ایس ایل جیتی تھی۔ میچ کے ہیرو آسٹریلوی آل راؤنڈر ایرون ہارڈی تھے انہوں نے چار وکٹیں لینے کے بعد39 گیندوں پر56نا قابل شکست رنز بنائے۔ زلمی نے ٹورنامنٹ میں دس میچ جیتے ، ایک میں شکست ہوئی۔ ایک میچ میں بارش ہوگئی۔ نوجوان عبدالصمد نے چار چھکوں اورتین چوکوں کی مدد سے34 گیندوں پر48رنز بنائے۔ انہوں نے ہارڈی کے ساتھ میچ وننگ 85 رنز کی شراکت قائم کی۔ پہلی کوشش میں حیدرآباد کی ٹیم نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی لیکن اس کا پی ایس ایل جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ بابر اعظم چوتھے سال زلمی کی کپتانی کررہے تھے ۔ اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل فائنل دیکھا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ مصافحہ کیا اور ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ہدف کے تعاقب میں پشاور کی اننگز میں محمد علی نے پہلے اوور میں دونوں اوپنرز کو آؤٹ کرکے سنسنی پھیلا دی۔محمد حارث6رنز بناکر لیبوشین کی گیند پر کیچ ہوئے۔588رنز بنانے والے بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے کاٹ بی ہائینڈ ہوئے۔کوشل مینڈس رن آؤٹ سے بال بال بچے۔کوشل مینڈس 9اور مائیکل بریسویل چار رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ٹاس ہارنے کے بعد حیدرآباد کی ٹیم نے اچھے آغاز کے بعد ایڈوانٹیج کھو دیا اور پوری ٹیم 18اوورز میں129رنز پر آؤٹ ہوگئی۔زلمی کی بولنگ اور شاندار فیلڈنگ کی وجہ سے بیٹنگ لائن تنکوں کی طرح بکھر گئی چار بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔

اہم خبریں سے مزید