اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) قطر سے گیس کارگو کی بحفاظت واپسی: پاکستان کا ایران سے سفارتی سطح پر رابطہ؛ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں جہاز پہلے ہی ایل این جی سے لدے ہوئے ہیں اور اس وقت اس اہم آبی گزرگاہ پر منتظر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان دو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے کارگو قطر سے حاصل کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ حکام سفارتی اور عملی سطح پر سرگرم رابطے میں ہیں تاکہ ان جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے جو اس وقت آبنائے ہرمز کے دہانے کے قریب موجود ہیں۔ توانائی وزارت کے باخبر ذرائع کے مطابق دونوں جہاز پہلے ہی ایل این جی سے لدے ہوئے ہیں اور اس وقت اس اہم آبی گزرگاہ پر منتظر ہیں، جبکہ متعلقہ حکام ایرانی ہم منصبوں سے مشاورت کے ذریعے ان کی محفوظ آمد و رفت کے انتظامات کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے اس سے قبل اسلام آباد میں ایرانی سفیر کے ساتھ براہ راست بات چیت کی، جس کے بعد متعلقہ پاکستانی حکام اور ایرانی قیادت کے درمیان مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد ان بحری جہازوں (ایل این جی کارگو) کو کھلے سمندر میں پاکستان کی جانب بحفاظت روانہ کرنے کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔