اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان بطور ریاست، صحافت کی آزادی کے لیے پُرعزم ہے ،میں پاکستان اور دنیا بھر کے صحافیوں، ایڈیٹرز، میڈیا ورکرز اور میڈیا پروفیشنلز کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 3مئی کا دن دنیا بھر میں آزادیٔ صحافت، آزادیٔ اظہارِ رائے، معلومات تک رسائی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کی تجدید کا مظہر ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یومِ آزادیٔ صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، محفوظ اور ذمہ دارانہ صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچ کی فراہمی میں صحافی حضرات کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کر کے ریاستی اداروں میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بناتے ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس سال کا موضوع "پر امن مستقبل کی تشکیل" اس چیز کی نشاندہی کرتا ہے کہ سچائی کے بغیر امن قائم نہیں کیا جا سکتا اور جدید دنیا میں سچائی کا انحصار ان لوگوں پر ہے جو اسے تلاش کرنے، اس کی تصدیق کرنے اور اسے منظرِ عام پر لانے کی ہمت رکھتے ہیں۔