کراچی (نیوز ڈیسک) ٹرمپ کو ایران جنگ کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور عوامی مخالفت کا سامنا ہے۔ جنگ کی لاگت، توانائی بحران، کانگریس میں بے چینی، ریپبلکن پارٹی کے اندر بھی تشویش، تنازع پر وسیع پیمانے پر ہر طبقے میں ناپسندیدگی پائی جاتی ہے۔امریکی صدر کی مقبولیت نئی کم ترین سطح پر، عوام کی بڑی تعداد نے سروے میں ان کی قیادت اور ایران جنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے ایسے نتائج کا سامنا کر رہے ہیں جو ان کی ابتدائی توقعات کے برعکس زیادہ مہنگے اور سیاسی طور پر غیر مقبول ثابت ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جنگ پر اب تک تقریباً 25 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ توانائی منڈیوں میں شدید عدم استحکام پیدا ہو گیا ہے اور تیل و گیس کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ ٹرمپ نے جنگ کو ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔