لاہور (رپورٹ؛ آصف محمود بٹ) بھیل برادری کے نوجوان کی تاریخی کامیابی، کھیم چند پٹیل پولیس سروس میں شامل۔وفاقی حکومت کے اقلیتوں کیلئے آؤٹ ریچ پروگرام نے محروم طبقات کیلئے نئے دروازے کھول دیئے،پسماندہ علاقوں کے امیدواروں کیلئے امید کی کرن۔ی جی سی ایس اے فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ کھیم چند پٹیل کی پی ایس پی میں شمولیت اور دیگر شرکاء کی تعلیمی کامیابیاں اس پروگرام کی افادیت کا واضح ثبوت ہیں۔پروگرام کے خالق اور ڈائریکٹر (کیپیسٹی بلڈنگ) ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے کہا کہ منظم رہنمائی، مسلسل جائزہ اور ہدفی تعلیمی معاونت اس پروگرام کی کامیابی کے بنیادی ستون ہیں۔سندھ کے ضلع شہید بینظیر آباد کے علاقے سکرنڈ سے تعلق رکھنے والے اور پسماندہ جنداہرو (بھیل) برادری کے نوجوان کھیم چند پٹیل کی کامیابی اس بات کی روشن مثال بن کر سامنے آئی ہے کہ ریاستی سطح پر ہدفی اقدامات اور ادارہ جاتی معاونت کس طرح زندگیوں کا رخ بدل سکتی ہے۔ کھیم چند پٹیل نے سی ایس ایس امتحان 2025 میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔اندرونِ سندھ کے ایک نہایت سادہ اور معاشی طور پر محدود پس منظر سے تعلق رکھنے والے کھیم چند پٹیل کا سفر مسلسل مشکلات، معیاری تعلیمی وسائل کی کمی اور رہنمائی کے فقدان سے عبارت رہا، جو عموماً پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کا مقدر بن جاتا ہے۔ان کی قسمت نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب انہیں وفاقی حکومت کی جانب سے مالی سال 2025-26 میں شروع کیے گئے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام (NOP) میں شامل کیا گیا، جسے سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے نافذ کیا۔ اس پروگرام کے تحت کھیم چند پٹیل سمیت ملک بھر سے دو بیچز میں 42، 42 امیدواروں کو منتخب کیا گیا جنہیں سی ایس اے میں ایک ماہ کی خصوصی اورینٹیشن فراہم کی گئی۔’ جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کھیم چند پٹیل نے اپنی کامیابی کا بڑا سہرا سی ایس اے کے سر باندھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اکیڈمی نے انہیں خلوص نیت کے ساتھ رہنمائی، تعلیمی سنجیدگی اور واضح سمت فراہم کی۔