کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت کا چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا اور اس حوالے سے کی جانے والی تمام قیاس آرائیاں دم توڑ چکی ہیں سینئر وزیر نے ریڈ لائن بی آر ٹی کا دورہ کیا اور کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جولائی کے آخر تک کچھ حد تک ٹریفک بحال کر دی جائےکچھ سیاسی جماعتیں اس پراجیکٹ پر سیاست کر رہی ہیں لیکن ہمارا کام اس منصوبے کو ہر صورت مکمل کرنا ہے اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنا، کنسلٹنٹس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو منصوبے میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ میری یا کسی کی ذاتی خواہش پر فیصلے نہیں ہوتے، ہم نے تمام قوانین کی مکمل پاسداری کی ہے اور حکومت کی طرف سے نہ کوئی کوتاہی ہوئی اور نہ ہی کوئی بدنیتی تھی، شہر کے مسائل الگ نوعیت کے ہوتے ہیں، تھرپارکر میں کم وقت میں اچھی سڑک بن سکتی ہے لیکن یونیورسٹی روڈ شہر کا حب ہے جہاں یوٹیلیٹیز ایک بڑا چیلنج بنی رہیں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور سوئی گیس سمیت مختلف اداروں کے مسائل درپیش تھے، جس کے بعد حکومت سندھ نے کنٹریکٹ ختم کرنے کا سخت فیصلہ کیا اور ایف ڈبلیو او کو کنٹریکٹ سونپ دیا، ہماری کوشش ہے کہ جولائی کے آخر تک کچھ حد تک ٹریفک بحال کر دی جائے، عوام سے گزارش ہے کہ ہم اس پراجیکٹ کو خوش اسلوبی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں ۔