کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے اساتذہ کلاسوں کے بائیکاٹ کے معاملے پر دو گروپوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے منگل کو ہاوس سیلنگ الاونس نہ ملنے کیخلاف سیمسٹر امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا تاہم منگل کو آرٹس اور کامرس فیکلٹی میں تمام امتحان شیڈول کے مطابق ہوئے جبکہ سائنس فیکلٹی کے چند شعبوں میں امتحانات ہوئے تاہم فارمیسی فیکلٹی میں امتحانات کا مکمل بائیکاٹ ہوا اوراساتذہ نے پرچے لینے سے انکار کردیا۔ امتحانات نہ لینے سے شدید گرمی میں ہزاروں طلبا و طالبات مشکلات کا شکار ہوئے۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے مطابق ہاوس سیلنگ سمیت دیگر مطالبات کیلئے گذشتہ دو ہفتے سے احتجاج کررہے تھے جبکہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے مطابق ہاوس سیلنگ الاونس کے حوالے سے وفاقی و صوبائی ہائر ایجوکیشن کے علاوہ آڈٹ کے اعتراضات بھی ہیں اساتذہ کو معاملات امتحان کے بائیکاٹ کے بجائے بات چیت سے حل کرنے چاہئے۔