کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے سندھ بھر میں ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری کھاد و کیڑے مار ادویات فروخت کرنے والے ڈیلرز کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ان کی دکانیں سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے،پی اے سی نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی ہے کہ کھاد اور کیڑے مار ادویات کی ٹیسٹنگ کے لیے سندھ کے ہر ضلع میں لیبارٹریوں کے قیام کے لیے سندھ اسمبلی سے قانون سازی کرانے کی غرض سے ڈرافٹ بل تیار کیا جائے،اجلاس میں انکشاف ہوا کہ سندھ کے 23 اضلاع میں ملاوٹ شدہ کھاد اور زرعی ادویات فروخت کرنے والے 22 ڈیلرز کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جس پر کمیٹی نے ان ڈیلرز کے نام اور تفصیلات طلب کرتے ہوئے انہیں منظرِ عام پر لانے کی ہدایت دی،پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نثار کھوڑو کی صدارت میں منعقد ہوا،۔ اجلاس میں محکمہ زراعت اور سپلائی اینڈ پرائسز کے سال 2024 اور 2025 کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔