اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ امریکا ایران جنگ کے دوران خطے اور دنیا میں امن کیلئے پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا اور کر رہا ہے،یقین ہے فیلڈ مارشل کی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کا باعث بنیں گی، امید ہے بات چیت دیرپا امن میں تبدیل ہو گی اور امن ہوگا،امریکا اور ایران کی قیادت ہماری دعوت پر اسلام آباد آئی، 1979 کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت ایک ساتھ بیٹھی،سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امن بات چیت میں بھر پور کردار ادا کیا، امن کیلئے پاکستان کا کردار مستقبل میں بھی جاری رہے گا،وزیراعظم نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ امت میں مزید اتحاد اور یگانگت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں وفاقی وزرا ،فلسطین کے قاضی القضاۃ و فلسطینی صدر کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر محمود الہباش، مفتی اعظم مقبوضہ بیت المقدس شیخ محمد احمد حسین، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی،چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر محمود اشرفی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء نے شرکت کی۔وزیر اعظم نے کہا ایران اور امریکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ پاکستان کی دعوت پران کے وفود پاکستان آئے، عارضی جنگ بندی پر متفق ہوئے اور ثالثی کے حوالے سے پاکستان کی دعوت قبول کی، یہ وہ تاریخی اعتماد ہے جو دنیا نے پاکستان کے اوپر کیا ہے، حالیہ تاریخ میں ایسی کوئی اور مثال نہیں ملتی،وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ انشاء اللّٰہ یہ بات چیت دیر پا امن میں جلد بدلے گی اور اس خطے میں امن قائم ہوگا اور مزید جانیں ضائع نہیں ہوں گی، اس حوالے سے جہاں پاکستان نے یہ ایک تاریخی کردار ادا کیا وہاں پر اپنے انتہائی پیارے بھائی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ان امن مذاکرات کے لیے اپنا پورا کردار ادا کیا۔