کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈھاکا میر پورٹیسٹ کے پہلے دن جمعے کو کھیل کے اختتام پر میزبان بنگلہ دیش نے چار وکٹ پر301 رنز بناکر میچ پر اپنی گرفت بہتر کرلی ہے۔ پاکستانی بولرز کوئی تاثر نہ چھوڑ سکے ۔ میچ میں پاکستان کے اذان اویس اور عبداللہ فضل ٹیسٹ ڈیبیو نے کیا۔ بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے سنچری بنائی، وہ 101 رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان شان مسعود نے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ 31 رنز پر محمود الحسن جوائے 8 اور شادمان اسلام 13 رنز کے جلد آئوٹ ہونے کے بعد کپتان نجم الحسن شانتو اور مومن الحق کے درمیان تیسری وکٹ پاکستان کے لئے مشکل بن گئی ، دونوں نے 170رنز کی شراکت قائم کی ۔ نجم الحسن شانتو کو محمد عباس نے ایل بی ڈبلیو کیا، مومن الحق91 رنز بناکر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، ان کے اسکور میں دس چوکے شامل تھے، کھیل کے اختتام پر لٹن داس8 اورمشفق الرحیم 48 رنز پر کھیل رہے تھے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی67، محمد عباس51 ، حسن علی54 اور نعمان علی نے 80 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔