بیروت (اے ایف پی) جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں میں بچی سمیت مزید8افراد شہیدکردئیے گئے، نباطیہ اور ساکساکیہ میں شدید بمباری، بیروت کے قریب بھی حملے،حزب اللہ نےجوابی کارروائیاں کیں۔ لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں جنوبی لبنان میں کم از کم 8 افراد شہید ہوگئے، جبکہ بیروت کے جنوب میں واقع شاہراہ پر بھی حملوں کی اطلاع ملی ہے۔ صحت کے حکام نے بتایا کہ ساکساکیہ میں ایک حملے کے نتیجے میں ایک بچی سمیت 7 افراد لقمہ اجل بنے اور 15 زخمی ہوئے۔ نباطیہ میں موٹر سائیکل پر حملے میں ایک شامی شہری اور اس کی 12 سالہ بیٹی کو نشانہ بنایا گیا، بعد میں مزید حملوں میں والد شہید ہوگیا جبکہ بچی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے 85 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ شہریوں کو بعض علاقوں سے انخلا کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔