کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) کے صدر شیخ تحسین نے کہا ہے کہ حکومت کا آئی ایم ایف سے پیٹرولیم لیوی معاہدہ نے مقامی صنعتوں کو تباہی سے دوچار کردیا ہے ،حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے سے صنعتوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عالمی قیمتوں کے تناظر میں پاکستان کے مقابلے میں سری لنکا، بنگلہ دیش، ویتنام سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں پیٹرولیم قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے، حکومت کا آئی ایم ایف سے پیٹرولیم لیوی معاہدہ مقامی صنعتوں کو تباہی سے دوچار کردیا ہے جس سے صنعتوں کی بقاء خطرے میں پڑگئی ہے۔ حکومت پیٹرولیم لیوی کی مد میں تقریبا 160 روپے وصول کررہی ہے، پیٹرولیم لیوی میں تسلسل سے اضافہ کرکے مزید 29روپے 92پیسے بڑھا دیئے گئے ہیں۔