ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں صفائی کے غیر معمولی انتظامات کے لیے خصوصی پلان کی منظوری دی گئی،اجلاس میں سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد نے کمشنر کو مجوزہ صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ پر شہریوں کو آلائشوں سے پاک اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کے لیے "زیرو ٹالرنس" پالیسی نافذ کی جائے گی،انہوں نے بتایا کہ ʼستھرا پنجابʼ مہم کے تحت عید کے تینوں ایام میں شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی شکایات کیمپ قائم کیے جائیں گے جہاں عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ پلان کے مطابق عید سے ایک ہفتہ قبل ہی شہریوں میں 67 لاکھ بائیو ڈی گریڈایبل بیگز تقسیم کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا تاکہ قربانی کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ آلائشیں تلف کرنے کے لیے مخصوص خندقوں کی تیاری فوری مکمل کی جائے اور آپریشن کو تیز تر بنانے کے لیے ضرورت کے مطابق اضافی مشینری اور افرادی قوت بھی ہائر کی جائے۔