ملتان(سٹاف رپورٹر) وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کمپیوٹر سائنس پروگرامز کے حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو فوری دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو نیشنل کمپٹینسی ٹیسٹ اور دیگر تعلیمی جائزوں کے لیے منظم، جامع اور مؤثر انداز میں تیار کیا جائے، جبکہ ان کی مجموعی کارکردگی میں پائی جانے والی کمی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔اس حوالے سے کمپیوٹر سائنس پروگرامز سے متعلق ایک اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فیکلٹی اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایچ ای سی کے اعتراضات، ان کے حل کے لیے آئندہ حکمت عملی، طالبات کی تعلیمی تیاری، نیشنل کمپٹینسی ٹیسٹ میں کارکردگی بہتر بنانے، تدریسی معیار کو یقینی بنانے اور ایچ ای سی کے ساتھ مسلسل و مؤثر رابطے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے ہدایت کی کہ ایچ ای سی کے ساتھ باقاعدہ، مؤثر اور نتیجہ خیز رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ تمام اعتراضات کو بروقت دور کرتے ہوئے تعلیمی پروگرامز کا تسلسل یقینی بنایا جا سکے،انہوں نے ہدایت کی کہ کمپیوٹر سائنس پروگرامز میں تدریس کے معیار کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے اور طالبات کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی تیاری کورسز، فوکسڈ اکیڈمک سیشنز اور موک ٹیسٹس کا باقاعدہ انعقاد کیا جائے۔ طالبات کو نیشنل کمپٹینسی ٹیسٹ کے لیے منظم منصوبہ بندی، جدید تدریسی حکمت عملی، مسلسل رہنمائی اور باقاعدہ جائزے کے ذریعے تیار کیا جائے ۔