• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دشمن کی آئندہ مہم جوئی کے اثرات خطرناک، فیلڈ مارشل

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے پاکستان کیخلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطرناک، دور رس اور تکلیف دہ ہونگے، عسکری محاذ پر شکست کے بعدبھارت نے ریاستی دہشت گردی میں اضافہ کردیا، ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لینگے اور دہشت گردی کیخلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، معرکۂ حق کے ذریعے نہ صرف دشمن کو اسکی توقعات سے بڑھ کر ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا بلکہ پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا، صدرِ مملکت، وزیراعظم، وفاقی کابینہ اور تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کی دانشمندی، دور اندیشی اور رہنمائی نے ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا، افغانستان سے صرف یہی مطالبہ ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کیلئے استعمال ہونے سے روکے اور انکے تمام ٹھکانے ختم کرے، پاکستانی داستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، آج پاکستان اپنی موثر ، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتکاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز جی ایچ کیو میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ یہ محض دو ممالک کے درمیان جنگ نہیں تھی بلکہ دو نظریات کے مابین ایک فیصلہ کن معرکہ تھا، جس میں حق کو فتح اور باطل کو شکست ہوئی۔تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں اللّٰہ تعالیٰ کی رضا سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کو ایک بے مثال کامیابی ملی، معرکہ حق دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں حق فتحیاب اور باطل ہزیمت سے دو چار ہوا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے ،اسکا یہ خواب اسکے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے جسے پاکستان کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگا۔انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے تجربات کی روشنی میں ملٹی ڈائمینشنل آپریشنز کیلئے دفاعی افواج کا ہیڈکوارٹر قائم کیا گیا ہے، خلائی پروگرام کو وسعت دی جا رہی ہے جبکہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ بھی قائم کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عصرِحاضر اور مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہونگی، جنگوں میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں، ڈرونز، سائبر اور آرٹیفشل انٹیلیجنس کا استعمال ہوگا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ عوام اور قومی قیادت کا پیغام ہے کہ ملکی خود مختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں، ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا جسکی قیمت وہ آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا،فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ عصرِ حاضر اور مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہونگی جس میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں ،ڈرونز ،سائبراور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال ہوگا،افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید