اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) توانائی کے شعبے کے ماہر اور تجربہ کار پیشہ ور، مسعود نبی کو پاکستان پٹرولیم ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنیز ایسوسی ایشن کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ ادارہ پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبے (اپ اسٹریم سیکٹر) کی نمائندگی کرتا ہے، جس میں ملک میں کام کرنے والی صف اول کی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں شامل ہیں۔ مسعود نبی، جو اس وقت گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، پیٹرولیم، توانائی، کان کنی اور مالیاتی شعبوں میں 25 سال سے زائد متنوع تجربہ رکھتے ہیں۔