ریاض (شاہد نعیم) ایک سعودی عہدے دار نے اس بات پر زور دیا ہےکہ 2025 کے دوران سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کی ترسیلاتِ زر تقریباً 44 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں، جو کہ ان غیر ملکیوں کے ممالک کی معیشتوں کی مدد اور پائے دار ترقی کے فروغ میں ریاض کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب سفیر ڈاکٹر عبد العزیز الواصل نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہجرت کے جائزے سے متعلق دوسرے بین الاقوامی فورم میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت لیبر مارکیٹ اور غیر ملکی افرادی قوت سے متعلق نمایاں اصلاحات کا جائزہ پیش کیا۔الواصل نے اس بات پر زور دیا کہ قانونی ہجرت کے مؤثر انتظام کے لئے ایسی بین الاقوامی شراکت داری درکار ہے جو ریاستوں کی خود مختاری اور ان کی قومی ترجیحات کو ملحوظِ خاطر رکھے، تاکہ ترقی کو فروغ ملے اور باہمی فوائد حاصل ہوں۔