• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10 مئی ہماری تاریخ کا سنہری باب، صدر، حملے کا تاریخی جواب دیا، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 10مئی ہماری تاریخ کا سنہری باب ، بھارتی جارحیت پر پاکستان کاردعمل سنہری حروف سے لکھا جائیگا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمن کے تاریکی میں کیے حملے کا تاریخی جواب دیا، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہےکہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔ مختلف ممالک کے سفیر، سول اورعسکری حکام، شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔ وزیراعظم کی اپیل پر تقریب میں مادروطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کہا کہ میں 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، یوم معرکہ حق ہرسال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائیگا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بناکر بے بنیاد الزامات لگائے، ہم نے دشمن کو ہر قسم کی مہم جوئی کے انجام سے آگاہ کیا تھا، ہم نے واقعے کی ہرطرح کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، بزدل دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کردی جس کا بہادر افواج نے تاریخی جواب دیا، جب ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو جان کے لالے پڑگئے، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا، دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا، ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن کے شہدا،ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، بہادر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں اور پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں، ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کا ذکر نہ کروں تو تاریخ ادھوری رہےگی، ہماری فضائیہ نے دشمن کے دعوؤں کا پول کھول دیا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معرکہ حق میں 24کروڑ عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کےکھڑے رہے۔ ایران جنگ میں ثالثی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ساتھ دینے پر برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ کےخاتمے کیلئےکردارادا کیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا بھی شکریہ جنہوں نے معرکہ حق میں سیاسی،سفارتی اور اخلاتی حمایت کی۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق اور انصاف کیلئے توانا آواز بن کرکھڑا ہوا ہے، پاکستان نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کیلئے ہر سطح پر آواز بلندکی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بےمثال قربانیاں دیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کیخلاف ہمارے جوان بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں، نوجوان ہی ہمارا سب سے بڑا قیمتی اثاثہ ہیں۔

اہم خبریں سے مزید