اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور بیرک کے چیئرمین جان ایل تھارنٹن نے ریکوڈک منصوبے پر کام کو آگے بڑھانے، اہم اہداف کے حصول کیلئے قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے ، اتوار کووفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بیرک کے چیئرمین جان ایل تھارنٹن سے ملاقات کی، جس میں ریکوڈک کاپر،گولڈ منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے منصوبے کی ترقی سے متعلق امور پر گفتگو کی اور ریکوڈک پر کام کو آگے بڑھانے کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا،وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ ریکوڈک ایک قومی سطح کا نمایاں منصوبہ ہے جو سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔