کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہرین و تجزیہ کاروں خورشید محمود قصوری، میجر جنرل (ر) زاہد محمود ، سید محمد علی، ڈاکٹر جمیل احمد، ڈاکٹر عادل نجم، مظہر عباس، شاہزیب خانزادہ، شہزاد اقبال، منیب فاروق اور تابش ہاشمی نے ”معرکہ حق“اورپاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں کہا ہے کہ پاکستان کی حکمت عملی غیرمعمولی تھی،دنیا کے معروف عسکری ادارے اس حکمت عملی کو بطور کیس اسٹڈی زیرِ مطالعہ لا رہے ہیں۔کامیابی کا سہرا پاک فوج کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور چین کے دفاعی تعاون کو جاتا ہے۔ وہ جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج پاکستان کی عسکری تیاری، تیز رفتار ردعمل اور جدید جنگی حکمت عملی کا درست اندازہ لگانے میں ناکام رہی۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا پاک فوج کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور چین کے دفاعی تعاون کو دیتے ہوئے کہا کہ جدید دفاعی سازوسامان نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی اثر و رسوخ کے باعث اس کی ساکھ متاثر ہوئی، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ اور مؤثر انداز میں قومی بیانیے کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) زاہد محمود نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی دراصل پوری قوم کے متحدہ ردعمل کا نتیجہ ہے۔ فضائی محاذ پر پاکستان کی کارکردگی نے نہ صرف قوم بلکہ عالمی مبصرین کو بھی حیران کیا۔