کراچی (اسٹاف رپورٹر) لڑکی سے دوستی پر نوشہرو فیروز کا لڑکا کراچی میں قتل،ماجد لغاری کی فاطمہ نامی لڑکی سے دوستی تھی ،لڑکی نے ملنے کیلئے بلایا ،ملزمان نے فائرنگ کردی،کورنگی گودام چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا ، تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانہ کی حدود کورنگی میرانی چوک ٹپال کمپنی کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 18سالہ ماجد علی ولد محمد رمضان جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتول کی لاش کوریسکیو ایمبولنس کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کی اور جائے وقوعہ سے کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکھٹا کئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مقتول پیشے سے اعتبار سے ڈٖرائیور تھا اور کنٹینر چلاتا تھا ، اسکا آبائی تعلق گوٹھ خمیسو خان ڈہری تحصیل مورو ڈسٹرکٹ نوشہرو فیروز اور لغاری برادری سے تعلق رکھتا تھا،۔ مقتول اپنے ساتھی محمد صالح ولد رسول بخش کے ساتھ کراچی میں مقیم تھا جو کینٹینر چلاتا ہے۔ ابتدا اطلاع کے مطابق مقتول کی مظہر نامی شخص کی بہن کے ساتھ دوستی تھی۔ لڑکی کے گھر والوں کو اس بارے میں اطلاع ہوئی جس پر دونوں فریقین کے درمیان تنازعہ پیدا ہوا، تاہم بعد ازاں معاملہ طے پا گیا اور صلح ہوگئی تھی۔