• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ نعیم نے کراچی میں ملک کے پہلے تعلیم کارڈ کا اجراء کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں ملک کے پہلے تعلیم کارڈ کا  اجرا ء کردیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ حکومت کے 41ہزار اسکولوں کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے،ان اسکولوں میں تعلیمی معیار بہتر ہے نہ بنیادی سہولیات میسر ہیں،سندھ حکومت کا اربوں روپے کا بجٹ نااہلی بد انتظامی اور کرپشن کی نذرہو جاتا ہے۔جماعت اسلامی صرف دعوؤں اور اعلانات نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔عوامی اور تعلیمی خدمات اگر کوئی ہے تو سامنے آئے اور ہمارا مقابلہ کرے جماعت اسلامی نے مفت آئی ٹی کورسز کا بنو قابل پروگرام شروع کیا جو کراچی سے شروع ہو کر اب پورے ملک میں پھیل گیا ہے، حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت گلبرگ جم خانہ کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب میں ٹاؤن اسکولوں کے 5ہزار طلبہ وطالبات کو ڈیجیٹل تعلیمی کارڈ جاری کردیئے گئے، کارڈ کے ذریعے طلبہ 10 ہزار روپے کی خریداری کرسکیں گے جس میں کتابیں، کاپیاں، اسٹیشنری، یونیفارم سمیت دیگر تعلیمی اشیاء شامل ہیں، گلبرگ ٹاؤن کراچی کا پہلا اور واحد ٹاؤن ہے جس نے نچلی سطح پر تعلیم کو عام کرنے اور غریب و متوسط گھرانوں کے بچوں کو درپیش تعلیمی مشکلات حل کرنے کے لئے عملی اقدام کیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے تقریب میں شریک ہزاروں افراد جن میں طلبہ و طالبات، والدین، اساتذہ، پرنسپلز بھی شامل تھے سے خطاب کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ اور ان کی پوری ٹیم اور تعلیمی کارڈ کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں تعاون کرنے والے اہل خیر افراد اور اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 14 لاکھ بچے بچیاں اس پروجیکٹ میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں ہم نے اپنے 9ٹاؤن میں آنے والے تقریبا 50 سکولوں کو اپ گریڈ کیا ہے اور ان کی بدحالی کو ختم کر کے مثالی اسکول بنا دیا ہے۔تعلیم حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے اور بڑی بدقسمتی ہے یہ ذمہ داری پوری نہیں کی جا رہی پورے ملک میں 2کروڑ 62 لاکھ اور سندھ میں 78 لاکھ بچے جن کی عمر اسکول جانے کی ہے وہ اسکول جانے سے قاصر ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ اور ان کی پوری ٹیم نے جس جانفشانی اور علم دوستی و خدمت کے جذبے کے ساتھ تعلیمی کارڈ کا اجراء کیا ہے امید ہے کہ ٓائندہ سال یہ تعداد دو گنی ہوگی اور زیادہ بچوں وبچیوں کو اسکالرشپ دی جائے گی۔یہ بچے ہی ہمارا مستقبل ہیں ہم ان کو بے رحم،نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
اہم خبریں سے مزید