لاہور (آصف محمود بٹ) سول سروسز اکیڈمی لاہور میں ’’پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور‘‘ کے تحت ایک جامع اور تفصیلی مکالمے کا انعقاد کیا گیا جس میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے بنگلہ دیش سے آئے سینئر سول سرونٹس کے ساتھ آئین، عدالتی نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ نے تقریب میں کہا کہ بنگلہ دیشی افسران کی فعال شرکت دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ادارہ جاتی تعلقات کے استحکام کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ جسٹس جواد حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئینی و عدالتی تعاون ناگزیر ہے پاکستان اور بنگلہ دیش ایک مشترکہ آئینی اور قانونی روایت کے وارث ہیں جو برصغیر کے ادارہ جاتی ڈھانچے سے جڑی ہوئی ہے دونوں ممالک کے آئینی نظام جمہوری اقدار، پارلیمانی روایات، بنیادی حقوق اور عدالتی اصولوں کی مشترکہ بنیادوں پر استوار ہیں، جو آج بھی دونوں ریاستوں کے نظامِ حکمرانی اور عوامی اداروں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔