• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریفائنری پالیسی پر پیشرفت میں تعطل، وزیر پیٹرولیم کا اظہار تشویش


فوٹو : پی آئی ڈی
فوٹو : پی آئی ڈی 

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی آئل ریفائنریز سربراہان کے ساتھ ملاقات میں براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ریفائنری سیکٹر کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کروائی، ریفائنری پالیسی پر پیشرفت میں تعطل پر وزیر پیٹرولیم نے اظہار تشویش کیا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ ریفائنریوں میں جدت، اس شعبے میں طویل مدتی سرمایہ کاری کےلیے رکاوٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس استثنیٰ بڑا مسئلہ قرار دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ریفائننگ پالیسیوں، اپ گریڈیشن معاہدے کی جزیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ریفائنری سربراہان نے وزیر پیٹرولیم کو تجاویز پیش کیں۔

علی پرویز ملک نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ کی تیاری سے قبل مسائل کے حل کے لیے جامع تجاویز متعلقہ فورم کو ارسال کی جائیں، حکومت ریفائنری اپ گریڈیشن کی مکمل حمایت کرے گی۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ریفائنری سیکٹر توانائی تحفظ کے لیے کلیدی قومی اثاثہ ہے، امریکا ایران تنازع نے بیرونی سپلائی پر انحصار کم کرنے کی ضرورت بڑھا دی ہے، ریفائنری اپ گریڈیشن سے پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا، اپ گریڈیشن کے بعد یورو فائیو معیار کا صاف ایندھن تیار کیا جا سکے گا، یورو فائیو فیول سے آلودگی میں کمی اور ماحولیاتی بہتری ممکن ہوگی۔

قومی خبریں سے مزید