کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈھاکا ٹیسٹ کا آخری دن پاکستانی بیٹسمینوں کیلئے بڑا چیلنج لاسکتا ہے۔ میچ بچانے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔ میزبان ٹیم کی پوزیشن بظاہر مضبوط ہے۔ چوتھی اننگز میں بنگلہ دیش کو ایک ایسا ٹوٹل کرنا ہے جس سے پاکستانی بیٹرز پر دبائو آئے ۔ پیر کو چوتھے روز پہلے بارش سےکھیل متاثر رہا اور پھر کم روشنی کی وجہ سے وقت سے پہلے ختم کردیا گیا۔ بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں تین وکٹ پر152رنز بنائے تھے اور اس کی مجموعی برتری179 رنز کی ہوگئی ہے ۔ مومن الحق کو 56رنز کی اننگز کے دوران دو چانس ملے ، محمد رضوان اور عبداللہ فضل نے ان کے کیچ ڈراپ کردیے۔ کپتان نجم الحسن شانتو58 رنز پر نا ٹ آئوٹ تھے انہوں نے چھ چوکے مارے۔ مشفق الرحیم 31گیندوں پر16رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ مومن الحق نے 56رنز چار چوکے لگاکر ۔ اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا۔ بارش اور خراب روشنی کی وجہ سے دوسرے سیشن کا مکمل کھیل نہ ہوسکا۔ قبل ازیں پہلی اننگز کی طرح دونوں اوپنرز دوسری باری میں بھی جلد آوٹ گئے ۔ محمودالحسن جوئے 5 رنز بنا کر محمد عباس کے ہاتھوں ایل بی ہوئے۔ حسن علی کی گیند پر شادمان کا10 رنز پر کیچ سعود شکیل نے لیا ۔ کپتان نجم الحسن شانتو اور مومن الحق نے ایک مرتبہ پھر 105 رنز کی شراکت سے اپنی ٹیم کو ریسکیو کیا۔ آخری سیشن میں شاہین شاہ آفریدی کو بھی وکٹ ملی۔ واضح رہے کہ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 413 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 386 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔