ڈیلس(رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ ) امریکی ریاست شمالی ٹیکساس میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں،ڈیلس میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کا جوش عروج پر ہے اور اس سلسلے میں شمالی ٹیکساس فیفا ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی نے امریکی فٹبال کی معروف ٹیم ’’ڈیلس کاؤبائز‘‘ اور ممتاز اسپورٹس و کاروباری شخصیت ڈینیئل ایل ہنٹ کو باضابطہ طور پر ’’آفیشل ڈیلس ورلڈ کپ ہوسٹ سٹی سپورٹرز‘‘ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس اعلان کے بعد نہ صرف کھیلوں کے حلقوں بلکہ شمالی ٹیکساس کی عوام میں بھی زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے، جبکہ فٹبال شائقین اسے ڈیلس کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دے رہے ہیں۔ڈیلس کاؤبائز اور ڈینیئل ایل ہنٹ کی شمولیت سے ان اداروں اور نمایاں شخصیات کی فہرست مزید وسیع ہوگئی ہے جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ڈیلس کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔