لاہور(محمد صابر اعوان سے )لاہور سمیت پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے نرسنگ اسٹاف کو غیر متعلقہ ڈیوٹیوں میں استعمال کرنے کا انکشاف مریضوں کی نگہداشت متاثر ہونے کے اعتراف پراسپیشلائزڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا فوری نوٹس، نرسز کو اپنی اصل پوسٹنگ پر ہی فرائض انجام دینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ محکمہ اسپیشلائیز ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق ہسپتال سربراہان کو جاب ڈسکرپشن کے مطابق نرسز کی ڈیوٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہےخلاف ورزی پر سخت محکمانہ کارروائی ہوگی اور سرکلر فوری نافذ العمل ہوگا مراسلہ پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں، کالجز آف نرسنگ اور ڈی جی نرسنگ کو جاری کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے نرسز سے نرسنگ کیئر کی بجائے ہسپتالوں کے انفارمیشن ڈیسک اور فیسیلیٹیٹر کا کام لیا جاتا تھا جس کی وجہ سے مریضوں کی دیکھ بھال اور نرسنگ کیئر متاثر ہو رہی تھی اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال نہ ہونے کی شکایات بڑھ گئی تھیں جس پر حکومت پنجاب نے سخت نوٹس لیا ہے۔