کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ دم توڑنے لگی ہے، بیٹنگ لائن کی ایک اور خراب کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوکر سلہٹ ٹیسٹ میں بھی مشکلات سے دوچار ہے اور وائٹ واش کا ایک اور خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ ڈھاکا ٹیسٹ 104 رنز سے جیتنے والی بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلی اننگز میں 156 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ بابر اعظم اور ساجد خان نے پاکستان بیٹنگ کی لاج رکھی، سب سے زیادہ 68 رنز بابر اعظم نے بنائے، انہوں نے 10 چوکے مارے، جبکہ اسپنر ساجد خان 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 38 رنز بناکر دوسرے ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے تیج الاسلام کے ایک اوور میں 19 رنز بنائے۔ اذان اویس نے 13، عبداللہ فضل نے 9، کپتان شان مسعود نے 21، سعود شکیل نے 8، سلمان آغا نے 21، محمد رضوان نے 13، حسن علی نے 18 اور خرم شہزاد نے 10 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے شاندار نصف سنچری بنائی لیکن وہ ناہید رانا کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ کپتان شان مسعود، سعود شکیل اور محمد رضوان غلط شاٹس کا انتخاب کرتے ہوئے وکٹیں گنوا بیٹھے۔ دوسرے دن بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان ٹیم 232 رنز پر آؤٹ ہو گئی، ایک موقع پر اس کے چار کھلاڑی 79 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ پہلے ٹیسٹ کے ہیرو ناہید رانا نے 60 اور تیج الاسلام نے 67 رنز دے کر تین تین جبکہ تسکین احمد نے 37 اور مہدی حسن میراز نے 21 رنز کے عوض دو، دو شکار کیے۔ کھیل ختم ہونے پر میزبان نے دوسری اننگز میں تین وکٹ پر 110 رنز بنا لیے ہیں، پاکستانی بولروں کو بقیہ سات وکٹیں جلد لینا ہوں گی۔ کپتان نجم الحسن شانتو 13 رنز بناکر کھیل رہے ہیں، مومن الحق دن کی آخری گیند پر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پہلی اننگز میں صفر کے بعد محمود الحسن جوئے نے دوسری اننگز میں نصف سنچری بنائی۔ خرم شہزاد نے ڈیبیو کرنے والے تنزید حسن کو 4 رنز پر آؤٹ کیا، خرم شہزاد نے 19 رنز دے کر دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل بنگلہ دیش ٹیم نے 278 رنز بنائے تھے۔