کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ 13مئی سے منگلہ زرغون غر کے علاقے میں ٹی ٹی پی اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 35سے زائد خوارج کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے اور کیمپس مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں شاہد رند نے کہا کہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے تین اہم کمانڈرز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن سے انتہائی اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں ان معلومات کی بنیاد پر مزید ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں اور فتنہ الخوارج کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والے عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی بلوچستان کے امن کو خراب کرنے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا رہے ہیں۔