کراچی (نیوز ڈیسک) صنم سعید کی کانز فلم فیسٹیول میں شرکت، سفید مور سے متاثر لباس توجہ کا مرکز بن گیا۔پاکستانی اداکارہ نے حسین رہر کے خصوصی ملبوسات میں ریڈ کارپٹ پر جلوہ بکھیرا، جنوبی ایشیائی خواتین کی نمائندگی بھی کی۔ پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے کانز فلم فیسٹیول 2026 میں ریڈ کارپٹ پر شرکت کر کے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔ انہوں نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسین رہر کے تیار کردہ خصوصی لباس کا انتخاب کیا جو سفید مور سے متاثر تھا۔ ہاتھی دانت کے رنگ کے اس لباس میں مکیش، زردوزی اور آئینہ کاری کا نفیس کام کیا گیا تھا جبکہ اس کے ساتھ حنیف جیولرز کے دیدہ زیب زیورات بھی پہنے گئے۔ ڈیزائنر کے مطابق اس لباس کی تیاری میں 50 کاریگروں نے مجموعی طور پر 2354 گھنٹے صرف کیے۔ صنم سعید نے کانز میں “جنوبی ایشیائی خواتین برائے فلم و فنون” نامی اقدام کے تحت بھی شرکت کی، جس کا مقصد فلم اور تخلیقی شعبوں میں جنوبی ایشیائی خواتین کی خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔