راولپنڈی (حافظ وسیم اخترسٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے تھانہ میں بند موٹرسائیکل سے انجن اور دیگر سامان چوری کرلیاگیا، پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے پولیس کسٹڈی میں موجود مالِ مقدمہ بھی محفوظ نہ رہ سکا، ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوجوان کے زخمی والد کے موٹر سائیکل کا انجن، بیٹری اور دیگر قیمتی پرزہ جات تھانے کے اندر سے غائب کر دیے گئے، محمد معین خان نے بتایا کہ 7فروری کو تھانہ مورگاہ کی حدود میں ہونے والے ٹریفک حادثے کے مقدمہ 96/026 کا مدعی ہوں جس میں رانگ سائیڈ سے آنے والے موٹر سائیکل سواروں نے انہیں ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ان کا 19سالہ بیٹا جاں بحق جبکہ وہ خود شدید زخمی ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد پولیس نے ملزم اور مدعی کا موٹر سائیکل اپنی تحویل میں لے لیا تھا، اب جب کہ گزشتہ روز وہ عدالت سے سپرداری کے کاغذات مکمل کروا کر اپنا موٹر سائیکل لینے تھانے پہنچے تو یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ پولیس کسٹڈی میں موجود موٹر سائیکل کا پورا انجن غائب تھا، جبکہ بیٹری، ٹاپے، چین کور اور دیگر قیمتی پرزے بھی اتارے جا چکے تھے۔ معین خان کے مطابق گزشتہ روز انہوں نے موٹر سائیکل کی تصاویر بھی بنائی تھیں جو ان کے پاس بطور ثبوت موجود ہیں ،انہوں نے سی پی او سے اپیل کی ہے کہ پولیس تحویل سے مالِ مقدمہ چوری ہونے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔