کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا سب سے زیادہ نشانہ سندھ بن رہا ہے، سکھر بیراج 100 سال میں پہلی بار بحال کر رہے یہ بیراج 80 لاکھ ایکڑ اراضی کاشت کرتا ہے اسی طرح گڈو بیراج کو بھی بحال کیا جائے گا،حکومت سندھ نے بجٹ میں سماجی شعبے کو ہمیشہ بہت اہمیت دی ہے اسی لئے تعلیم و صحت کے شعبوں پر بہت زیادہ رقم خرچ کی جاتی رہی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا ،جام خان شورو نے کہا کہ پاکستان میں آبادی ایک بڑا مسئلہ ہے ، محدود وسائل میں لوگوں کی ضروریات پورا کرنا بہت کٹھن کام ہے،انہوں نے یاد دلایا کہ کرونا کی عالمی وبانے معیشت کو بہت نقصان پہنچایا اور اس کے منفی اثرات ابھی تک باقی ہیں، اسی طرح2022 کے سیلاب نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا، حکومت سندھ پریشانی کے ہر موقع پر اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے ہم نے 327000 کسانوں میں 55 ارب روپے تقسیم کئے ہیں،اس سال گندم کی فصل بہت اچھی ہوئی ہے،اس سال 4 لاکھ خواتین کو قرضہ دیا گیا ان کو ولیج آرگنائیزیشن کا حصہ بنایا گیا،ہمارے پاس 15 لاکھ خواتین کا ڈیٹا موجود ہے،حکومت سندھ نے جب 21 لاکھ سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کا منصوبہ بنا تو ہمارے پاس ڈیٹا جمع ہوااسی ڈیٹا کی بنیاد پر ہم باقی مدوں میں بھی لوگوں کی مالی مدد کررہے ہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت سارے غیر ملکی فنڈنگ پروجیکٹ ہیں۔ان منصوبوں کی ورلڈ بینک مانیٹرنگ کرتا ہے اورورلڈ بینک نے ہمارے منصوبوں کی تعریف کی ہے ۔