کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ روز گلبائی روڈ کے زیرِ تعمیر ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گلبائی روڈ کی تعمیر و بہتری سے حب ریور روڈ، شیر شاہ اور سائٹ انڈسٹریل ایریا آنے اور جانے والے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی جبکہ صنعتی علاقوں کی رابطہ سڑکوں میں بھی نمایاں بہتری آئے گی،قبل ازیں میئر کراچی نے کلفٹن بلاک۔5 کی سڑک کی تعمیر کے کام کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ضلع وسطی میں سخی حسن قبرستان اور شادمان کے درمیان دو رویہ سڑک (ڈوئل کیریج وے) کی ازسرنو تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، جہاں سڑک بنانے سے قبل برساتی نالے کی ازسرنو تعمیر مکمل کی گئی ہے جبکہ سیوریج کی نئی لائنیں بھی بچھائی گئی ہیں تاکہ نکاسی آب کا نظام مؤثر رہے اور سڑک پائیدار ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھے ہوئے ہے، یہ وہی کے ایم سی ہے جس کے پاس ماضی میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز دستیاب نہیں تھے تاہم اب ادارہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔