• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر رضا قتل کیس، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا تیسرا اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا تیسرا اجلاس پیر کو ہوا۔ مقتول کے اہلخانہ اور ان کے وکیل جبران ناصر نے تحقیقات میں پیش رفت اور مبینہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار سے کیس کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کردیا۔ اجلاس کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کی جبکہ اجلاس میں آئی ایس آئی، آئی بی اور این سی سی آئی اے کے افسران، میر رضا کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے جبکہ میر رضا کے دوست احمد بھردے اور عبداللہ بھردے سمیت ویفلیکس کے ملازمین کے بیانات کا جائزہ لیا گیا۔ جے آئی ٹی کے تیسرے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں وفاقی اور صوبائی اداروں کے اعلیٰ افسران شامل ہیں جو کیس پر کام کررہے ہیں تاہم تین ہفتوں سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود اب تک کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔ اہلخانہ کو آج بھی انصاف کی امید ہے لیکن وہ اسی وقت مطمئن ہوں گے جب میر رضا کے قاتلوں کو ان کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی مسلسل موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ میر رضا کے اہلخانہ انصاف کی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ پورا کراچی ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ جے آئی ٹی میں ہونے والی تفتیش کی تفصیلات سے فی الحال آگاہ نہیں کیا جاسکتا تاہم اجلاس میں شرکت کے بعد بھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ تحقیقات کسی حتمی نتیجے پر پہنچ گئی ہیں۔ وکیل جبران ناصر نے کہا کہ متعلقہ حکام کو خط لکھ کر آگاہ کیا گیا ہے کہ اب تک جے آئی ٹی کے احکامات پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ذوالفقار لاڑک کو ذمہ داری دی گئی تھی کہ کیس میں غفلت اور کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن تاحال کسی افسر کے خلاف مؤثر کارروائی ہوتی نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو بھی کیس کے بعض پہلوؤں کی جانچ کی ہدایت کی گئی تھی ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید