کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جامعہ میں’’ داخلہ 2027 ءکے لئے درخواست دینے والے امیدواروں کے شناختی کارڈ، پی آر سی، ڈومیسائل، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی اسناد کی بروقت اور مؤثر تصدیق یقینی بنائی جائے تاکہ کراچی کے مستحق طلبہ کی نشستیں جعلی یا غیر قانونی دستاویزات کے ذریعے حاصل نہ کی جا سکیں۔ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی نے ڈائریکٹر انچارج، ڈائریکٹریٹ آف ایڈمیشنز، جامعہ کراچی کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ یہ اقدام کسی مخصوص امیدوار، افسر، برادری یا علاقے کے خلاف نہیں بلکہ شفاف داخلہ پالیسی اور مستحق طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دیگر علاقوں کے امیدوار بھی میرٹ اور جامعہ کراچی کی مقررہ پالیسی کے تحت داخلے کے حق دار ہیں۔خط میں نشاندہی کی گئی کہ جامعہ کراچی کے پراسپیکٹس کے مطابق داخلے دستاویزات کی تصدیق سے مشروط ہوتے ہیں اور جعلی یا غلط معلومات کی بنیاد پر حاصل کیا گیا داخلہ کسی بھی وقت منسوخ کیا جا سکتا ہے۔