• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ، نیب ریفرنسز منتقل یا سزا ختم کرنے کی 27 اپیلیں مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نیب ترامیم کے تحت 50 کروڑ سے کم مالیت کے مقدمات نیب سے منتقل کرنے یا سزا ختم کرنے سے متعلق 27 اپیلیں مسترد کردیں۔ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیلوں کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب ترمیم کے بعد 50 کروڑ روپے سے کم مالیت کے مقدمات نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں رہے، زیر التوا اپیلیں متعلقہ عدالتوں، فورمز یا اداروں کو منتقل کی جائیں، نیب ترامیم کے بعد دائرہ اختیار کی بنیاد پر سزائیں ختم کی جائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب ترامیم سے دائرہ اختیار ازخود ختم نہیں ہوجاتا، نیب ترامیم کے بعد پہلے سے جاری فیصلوں کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس میں کہا کہ نیب قانون میں ترمیم کے باوجود زیرِ التوا اپیلوں کی منتقلی کا طریقہ کار اور مجاز فورم واضح نہیں، قانون میں اپیلوں کی منتقلی کا لفظ شامل کیے جانے کے باوجود کوئی واضح طریقہ کار، مجاز اتھارٹی یا فورم متعین نہیں کیا گیا، اپیلوں کا فیصلہ میرٹ پر مکمل عدالتی جائزے کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے، اپیلیں محض انتظامی طور پر ایک فورم سے دوسرے فورم منتقل نہیں کی جاسکتیں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ضابطہ فوجداری کے تحت اپیلیٹ کورٹ کو سزا برقرار رکھنے، تبدیل کرنے، ملزم کو بری یا ڈسچارج کرنے اور بعض حالات میں دوبارہ ٹرائل کا حکم دینے کے اختیارات حاصل ہیں، اپیلیٹ کورٹ کے اختیارات کا استعمال مقدمے کے میرٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی ممکن ہے، قانون میں ترمیم کے باوجود احتساب عدالتوں کے پہلے سے کئے گئے حتمی فیصلوں اور احکامات تحفظ حاصل ہے، قانون کے تحت پہلے سے جاری حتمی فیصلے برقرار رہیں گے، مجاز اپیلیٹ فورم میرٹ کی جانب سے فیصلوں کو کالعدم قرار نہ دینے تک حتمی فیصلے برقرار رہیں گے، اپیل کے مرحلے پر یہ تصور نہیں کیا جاسکتا کہ سزا محض قانون میں ترمیم کے نتیجے میں ختم ہوگئی۔ عدالت نے کیسز کی منتقل اور سزا ختم کرنے سے متعلق 27 اپیلیں مسترد کردیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید