کراچی (اخترعلی اختر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی فائن آرٹس کمیٹی کے زیر اہتمام آرٹ پر مبنی نمائش کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیا گیا۔ جس کا افتتاح مہمان خصوصی صوبائی وزیر ثقافت ، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ کیا، نمائش میں فائن آرٹس کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب، معروف مصور شاہد رسام، محمد ذیشان، نذرالاسلام، سلیم رضا سمیت فن مصوری سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، آرٹ نمائش کے کیوریٹر معروف مصور تنویر فاروقی ہیں جبکہ نمائش میں 30 آرٹسٹوں کے 37 فن پارے رکھے گئے ہیں۔ آرٹسٹوں نے اپنے فن پاروں میں کراچی کی روشنی، گہماگہمی اور اس کی مسلسل بدلتی فضا کو اپنے فن میں سمویا،صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ آج یہاں پینٹرز اور فنکار بڑی تعداد میں شریک ہیں، جنہوں نے اپنے فن اور رنگوں سے اس ماحول کو خوبصورت بنا دیا ہے، نوجوان نسل تیزی سے آرٹ اور ثقافت کی طرف راغب ہو رہی ہے، جو ایک مثبت اور حوصلہ افزا بات ہے، ہم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ سندھ بھر کی تمام آرٹس کونسلز میں مضبوط اور فعال باڈیز قائم کی جائیں تاکہ ہر شہر میں فنکاروں کو بہتر مواقع میسر آسکیں، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ فرخ شہاب نہ صرف ایک باصلاحیت فنکار بلکہ آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی کے اہم رکن بھی ہیں، چیئرمین فرخ تنویر شہاب نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کے نوجوان اور سینئر آرٹسٹس کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سرپرستی کرنی چاہیے۔ آرٹ نمائش دوپہر 12 تا رات 8 بجے 23 مئی تک جاری رہے گی۔