ملتان ( سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل نے ریجنل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں مختلف پولیس افسران و اہلکاروں کی محکمانہ اپیلوں کی سماعت کی گئی۔ آر پی او نے تمام اپیلوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ، شواہد اور محکمانہ کارروائی کی روشنی میں فیصلے صادر کیے۔ سماعت کے دوران سب انسپکٹر غلام عباس کی دو سال سروس ضبطی، ندیم حسن کی دو سال انکریمنٹ سٹاپ، محمد عاطف کی سب انسپکٹر سے اے ایس آئی کے عہدہ پر تنزلی، امیر محمد کی چھ چھ ماہ سروس ضبطی کی دو اپیلیں جبکہ عاصم محمود کی ایک سال سروس ضبطی کی اپیل الزامات ثابت ہونے پر مسترد کر دی گئی۔اسی طرح اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکمل اور محمد امین کی چھ ماہ سروس ضبطی کی اپیلیں بھی مسترد کر دی گئیں۔ برخاست سینئر کلرک سکندر علی، ٹریفک اسسٹنٹ سلیمان مجید اور زاہد حسین کی برخاستگی کے خلاف اپیلیں بھی مسترد کر دی گئیں۔ ہیڈ کانسٹیبل محمد منور اور ممتاز کی چھ چھ ماہ سروس ضبطی کی اپیلیں، محمد ارشد کی سنشور جبکہ محمد ایوب کی تین ماہ سروس ضبطی کی اپیل بھی مسترد کر دی گئی۔ کانسٹیبل تنویر اشرف اور محمد حسن کی تنخواہ میں دو اور ایک درجے تنزلی کی اپیلیں بھی مسترد کر دی گئیں، جبکہ محمد زاہد کی تین ماہ سروس ضبطی اور انصر ایوب کی دو سال سروس ضبطی کی اپیلیں بھی الزامات ثابت ہونے پر مسترد کر دی گئیں۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر عثمان اکرم گوندل نے کہا کہ محکمہ پولیس میں نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ فرائض میں غفلت، اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمانہ خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔