ملتان(سٹاف رپورٹر)سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کے تحت ہیومن ریسورس فار ہیلتھ یونٹ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،جس کے مطابق محکمہ کے سٹیبلشمنٹ ونگ کو ایچ آر ایچ یونٹ قرار دیا گیا ہے جو پنجاب میں نرسنگ اور ہیلتھ ورک فورس اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا،نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری (سٹیبلشمنٹ) کو یونٹ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی سیکرٹری (سٹیبلشمنٹ) ممبر/سیکرٹری ہوں گے۔ اس کے علاوہ پروگرام ڈائریکٹر پی آئی یو ، ڈائریکٹر آئی سی ٹی سیل، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب، سیکشن آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران کو یونٹ کا رکن بنایا گیا ہے،یہ یونٹ پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کے مختلف امور، تربیتی اقدامات اور انتظامی معاملات کی نگرانی کرے گا ، یونٹ کے ٹرمز آف ریفرنسز بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔