لاہور (خالد محمود خالد) بنگلہ دیش کے شہر چٹا گانگ میں بھارتی اسسٹنٹ ہائی کمیشن میں تعینات بھارتی سفارت کار 38سالہ پروٹوکول آفیسر نیرن دھر پراسرار طورپر ہلاک ہو گیا۔ اس کی لاش منگل کی صبح کمیشن کے کمپاؤنڈ میں ملی۔ ابھی تک موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے جب کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے چٹاگانگ میڈیکل کالج ہسپتال بھیج دی گئی ہے۔ بنگلہ دیشی پولیس اور بھارتی مشن کے حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق موت مشکوک حالات میں ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے مشنز کی سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس سے ویزا سروسز بھی متاثر ہوئی ہیں۔