اسلام آباد (طاہرخلیل )امریکا اورایران کے مابین مذاکرات کی بحالی کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز‘بات چیت اہم مرحلے میں داخل‘وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی 24 گھنٹے کے اندر دوسری بار اہم دورے پر تہران پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق محسن نقوی امریکا ایران مذاکرات سے متعلق ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔5 روز قبل بھی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے صدر مسعود پزشکیان، چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقاتیں کی تھیں۔محسن نقوی ایران سے سیدھا بلوچستان پہنچے تھے جہاں پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں محسن نقوی کی ایران کی طاقتور فوجی تنظیم پاسدران انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل احمد وحیدی سے ملاقات ہوئی ۔بتایا گیا ہے کہ محسن نقوی ایک انتہائی اہم اور حساس مشن پرتہران پہنچ گئے ہیں‘ ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ محسن نقوی کا یہ دورہ خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور امریکا و ایران کے درمیان پس پردہ سفارتی روابط کو آگے بڑھانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘مختصر وقت میں ان کے ان دوروں سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری بحران اس وقت فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکا ہے، جہاں پاکستان ایک اہم ترین ثالث اور پیغام رساں کا کردار ادا کر رہا ہے۔