• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز میں نئے چہروں کی آزمائش، بابر کی واپسی، رضوان ڈراپ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کے خلاف ہوم گرائونڈ پر تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کیلئے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ کئی نئے چہرے آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی قیادت کریں گے۔ احمد دانیال، عرفات منہاس اور روحیل نذیر قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ بابر اعظم، نسیم شاہ، شاداب خان اور سفیان مقیم کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، محمد غازی غوری اور روحیل نذیر کو اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹرز کے طور پر شامل کیا گیا۔ عثمان خان بیماری کے باعث زیر غور نہیں آئے، جب کہ فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث بدستور ری ہیبلیٹیشن پروگرام جاری رکھیں گے۔ فہیم اشرف ، فیصل اکرم ، حسین طلعت ، محمد رضوان وسیم جونئیر اور سعد مسعود کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔16رکنی اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال اور عرفات منہاس، بابر اعظم، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، نسیم شاہ اور روحیل نذیر شامل ہیں۔ سیریز کے لئے جمعے سے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی۔ لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد کے 16 کوریئر ایکسپریس سینٹرز پر فزیکل ٹکٹ دستیاب ہوں گے، لاہور میں آٹھ، راولپنڈی میں پانچ اور اسلام آباد میں تین ٹی سی ایس سینٹرز پر ٹکٹ فروخت کیے جائیں گے۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ 2 اور 4 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اسپورٹس سے مزید