کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے جوئے کے اڈوں کیخلات کارروائی نہ کرنے فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او قائدآباد کو معطل کر دیا پولیس کے مطابق ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کو شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ قائدآباد تھانے کی حدود میں جوئے کے اڈے قائم ہے تاہم قائد آباد پولیس ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی جس کے باعث علاقے کے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں جس پر ڈی آئی جی کوئٹہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسپیشل ٹیم تشکیل دی ۔ جس نے جوئے کے اڈوں پر پر چھاپہ مارکر نقدی اورقمار بازی کے آلات قبضے میں لے لئے۔جبکہ اڈوں کیخلات کارروائی نہ کرنے فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او قائدآباد انسپکٹر عبدالباسط معطل کر دیا اس سلسلے میں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی سرگرمیاں مبینہ طور پر ایس ایچ او قائدآباد کی نا اہلی تھی جس پر اسے معطل کردیا گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقہ میں اگر کوئی ایسی اطلاع ملی تو اس علاقے کے ایس ایچ او کو معطل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں، جوا خانوں اور جرائم پیشہ عناصر کیلئے کوئی رعایت نہیں، کسی بھی تھانے کی حدود میں منشیات، جوا خانہ یا غیر قانونی اڈہ ملا تو متعلقہ ایس ایچ او کیخلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ غفلت یا جرائم کی سرپرستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وئٹہ پولیس نے شہر بھر میں منشیات فروشوں اور جواریوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کردیا ہے قانون شکن عناصر کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کار بھی کارروائی کی زد میں آئیں گے جنکے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عمران شوکت نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر انہیں کسی قسم کی اطلاع ہو تو فورا 15یا پولیس کنٹرول کو اطلاع دیں۔